تشکر نیوز: کراچی، 17 دسمبر 2024: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے گلبرگ ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث انسپکٹر سجاد خان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔
کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم سے مسیحی وفد کی ملاقات، فوری احکامات جاری
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی رشید سولنگی نے انسپکٹر سجاد خان کے خلاف انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ان پر بغیر نقشے کے غیر قانونی پورشنز اور دکانوں کی تعمیر کی اجازت دینے کا الزام ہے، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق، انسپکٹر سجاد خان صحافیوں کی نشاندہی پر کارروائیوں کو روکنے کے لیے ڈی جی اور دیگر افسران کو گمراہ کن رپورٹس فراہم کرتے تھے یا جعلی ڈیمولیشن کارروائیاں دکھاتے تھے۔ مزید یہ کہ وہ بلڈر مافیا کو اعلیٰ افسران تک رسائی فراہم کرکے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات کو ناکام بناتے رہے۔
ایس بی سی اے کے مطابق، سجاد خان گلبرگ ٹاؤن میں 60 سے زائد رہائشی پلاٹس پر بغیر نقشے کے تعمیرات میں ملوث رہے اور غیر قانونی تعمیرات کے نام پر ڈی سی اور دیگر محکموں کے نام پر بھی غیر قانونی رقم وصول کرتے رہے۔
ڈائریکٹر جنرل رشید سولنگی نے واضح کیا ہے کہ انسپکٹر سجاد خان کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک انہیں کسی بھی ٹاؤن میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔