تشکر نیوز : یونان کے قریب کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ناظم آباد میں واٹر بورڈ عملے کی سرپرستی میں غیر قانونی کنکشن کا معاملہ
صدر مملکت کا بیان
ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کشتی حادثے کو ایک المناک واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک قبیح عمل ہے جس سے کئی لوگ اپنے پیاروں کو کھو بیٹھتے ہیں۔ صدر نے انسانی اسمگلنگ کے تدارک کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ردعمل
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے اور اسمگلنگ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظالم مافیا غریب عوام کو جھوٹے خواب دکھا کر پیسہ بٹورتا ہے اور کئی گھر اجاڑ دیتا ہے۔
وزیر داخلہ کے احکامات
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جو پانچ روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو بلاامتیاز ایکشن لینے کی ہدایت دی۔
دفتر خارجہ کا بیان
ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ حادثے کے بعد 47 پاکستانی تارکین وطن کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے اس حادثے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے تھے۔