کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات نے انتظامیہ کو متحرک کر دیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔
سود سے نجات اور حلال معیشت کے قیام میں امام احمد رضا کا کردار، کانفرنس 2024
ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ یہ مسئلہ ہماری مسلسل ڈسکشن کا حصہ رہا ہے، اور اب میری ٹیم اور میں نے اس پر عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ہماری اولین ترجیح شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔
رواں سال اب تک 479 ایسے حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں جانی نقصان ہوا، جبکہ 345 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تاہم، بیشتر واقعات کے مقدمات درج نہیں ہو پاتے کیونکہ متاثرہ افراد یا لواحقین اپنی غلطیوں کی وجہ سے کارروائی سے گریز کرتے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے باعث ڈمپرز اور دیگر بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے حادثات بڑھ رہے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق، شہر میں ہونے والے 50 فیصد سے زائد حادثات میں بڑی گاڑیاں ملوث ہوتی ہیں، جبکہ 57 فیصد متاثرین موٹر سائیکل سوار ہیں۔
حادثات کی روک تھام کے لیے انتظامیہ نے انفورسمنٹ بڑھانے اور چالان کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، لاپروائی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ ایک اہم میٹنگ بھی ہو چکی ہے، اور جلد ہی ان اقدامات پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام کوششوں کا مقصد قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔