تشکر نیوز راولپنڈی: پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ مشق "واریئر 8” کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ تین ہفتوں تک جاری رہنے والی یہ مشق 19 نومبر سے 11 دسمبر تک ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج میں منعقد ہوئی، جس میں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کی افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
کراچی میں ٹریفک حادثات کی شرح میں خطرناک اضافہ، انتظامیہ کا سخت اقدامات کا فیصلہ
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ مشق پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان ہونے والی سالانہ مشقوں کی آٹھویں کڑی تھی۔ اس دوران جدید تربیتی تکنیکوں اور عملی مہارتوں کا تبادلہ کیا گیا تاکہ انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
10 دسمبر کو وزیٹرز ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز تھے۔ تقریب میں چین کے سفیر اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔
مہمانوں نے مشق میں شامل دستوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند معیار کو سراہتے ہوئے پاک فوج اور چینی فوج کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے ان مشقوں کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔