لاہور (تشکر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے 24 دسمبر کو لاہور میں مشترکہ اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں گورنر پنجاب کی میزبانی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ بلوچستان میرا سردار فراز بگٹی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ، سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود، وفاقی وزیر شیری رحمن، حیدر علی گیلانی اور نوید قمر بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، امیر مقام اور بشیر میمن نے اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس میں تمام صوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اجلاس میں ملکی استحکام کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے کردار پر تفصیل سے بات کی گئی اور پارلیمانی جماعتوں کا ملنا خوش آئند ہے۔