بیجنگ: (تشکر نیوز) سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے چین میں ہواوے ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کراچی سیف سٹی منصوبے کے لیے جدید آلات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ، چیف ٹیکنیکل آفیسر تبسم عباسی، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اولڈ گولیمار کی زبوں حالی پر ایکشن کمیٹی کا احتجاج، ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں تک محدود
دورے کا مقصد کراچی سیف سٹی منصوبے کے لیے ضروری آلات کی جانچ اور عملی جائزہ لینا تھا۔ وزیر داخلہ نے ہواوے کے ڈونگ گوان آر اینڈ ڈی سٹی کا معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید ڈرونز، سیکیورٹی کیمرے اور دیگر سیکیورٹی آلات کے عملی مظاہرے دکھائے گئے۔ ہواوے حکام نے وزیر داخلہ کو ایل ٹی ای/نیٹ ورک آلات کی اسمبلی لائن کا بھی معائنہ کروایا اور بریفنگ دی کہ یہ آلات خودکار عمل کے ذریعے تیار کیے جاتے ہیں، جس سے معیار اور کارکردگی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے ہواوے کی تکنیکی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ سندھ میں ٹیکنالوجیکل ترقی کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ میں ہواوے کے آلات کا استعمال کراچی میں سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گا۔
ہواوے کے حکام نے اپنے آلات کی اعلیٰ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے تیار کردہ آلات دنیا بھر میں قابل اعتماد سمجھے جاتے ہیں اور سیف سٹی منصوبوں کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
یہ دورہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سیف سٹی منصوبے کی کامیابی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔