لاہور، 09 دسمبر 2024: پاکستان نیوی نے اپنے تاریخی کارنامے کی یاد میں 53 واں ہنگور ڈے منایا۔ 1971 کی جنگ کے دوران پاکستان نیوی کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے فریگیٹ آئی این ایس ککری کو تباہ کیا اور آئی این ایس کرپان کو شدید نقصان پہنچایا، جس سے دشمن کی بحری طاقت کو زبردست نقصان پہنچا۔ اس عظیم جنگی کامیابی کو یاد رکھنے کے لیے ہر سال 9 دسمبر کو ہنگور ڈے منایا جاتا ہے، جو آبدوز ہنگور کی بے مثال بہادری اور عزم کی علامت بن چکا ہے۔
ایف سی بلوچستان کی بڑی کارروائی، 30 کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء پکڑ لیں
اس سال بھی پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل عبدالعزیز مرزا (ریٹائرڈ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آبدوز ہنگور 1971 کی جنگ میں پاکستان نیوی کے لیے فخر کا باعث بنی، جس نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے مغربی محاذ پر ایک شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ واقعہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد کسی روایتی آبدوز کی کامیاب کارروائی کا واحد واقعہ تھا۔ ہنگور آبدوز دشمن کے تمام حملوں سے بچتے ہوئے اپنا مشن مکمل کر کے بحفاظت کراچی واپس پہنچی۔
اس موقع پر وائس ایڈمرل احمد تسنیم (ریٹائرڈ)، جو اس وقت آبدوز ہنگور کے کمانڈنگ آفیسر تھے، نے عملے کی جرات اور عزم کو سراہا اور کہا کہ ہنگور پاکستان نیوی کی تاریخ کا درخشاں باب ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آبدوز ہنگور کے بہادر عملے کو ان کی جرات کے اعتراف میں چار ستارۂ جرأت، چھ تمغۂ جرأت اور سولہ امتیازی اسناد دی گئیں، جو کسی ایک یونٹ کو دی جانے والی پاکستان نیوی کی سب سے زیادہ اعزازات ہیں۔ اسی عظیم کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان اور چین میں مشترکہ طور پر تیار کی جانے والی آبدوزوں کو ہنگور کلاس آبدوز کا نام دیا گیا۔