تشکر نیوز (کراچی) – سندھ پولیس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں طے پایا کہ بغیر لائسنس ڈرائیورز کی گاڑیاں تحویل میں لے لی جائیں گی۔
پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کا کارنامہ: بھارتی جنگی جہاز کُکری کو غرق کیے 53 سال مکمل
آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اب آن لائن اور انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ اجلاس میں ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن سہولت کی کارکردگی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجوہات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آن لائن تربیتی لائسنس، بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ، اور نان کمرشل لائسنس کی تجدید کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈی آئی جی لائسنس اینڈ ٹریننگ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے سوشل میڈیا، عوامی مقامات، اور اخبارات کے ذریعے تشہیر کی جا رہی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، زیادہ تر موٹرسائیکل ڈرائیورز بغیر لائسنس کے سڑکوں پر آتے ہیں، جو کہ حادثات کا اہم سبب ہے۔ رواں سال کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے 28,685 چالان کیے گئے، جن میں سے 12,548 موٹرسائیکل ڈرائیورز کے تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے کراچی کے اسکولز، کالجز، اور عوامی مقامات پر 35 سے زائد پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ، رانگ وے اور دیگر خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے آگاہی کیمپس اور میڈیا مہم بھی چلائی جا رہی ہیں۔
آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ غیرضروری چیکنگ سے اجتناب کریں اور لائسنس نہ رکھنے والے ڈرائیورز کو لائسنس لے کر چلنے کی تاکید کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کے بعد رپورٹ عوام کے لیے جاری کی جائے گی تاکہ آگاہی بڑھائی جا سکے۔