کراچی (اسٹاف رپورٹر) چنیسر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے زیرِ اہتمام سلیمان یوسف پارک میں مشاعرہ بعنوان "ازراہ سخن” منعقد کیا گیا۔ چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی کی میزبانی میں منعقدہ اس ادبی تقریب میں ملک بھر سے ممتاز شعراء نے شرکت کی اور اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ مشاعرے کی صدارت سینئر شاعر انور شہور نے کی، جبکہ دیگر شعراء میں جاوید صبا، اکرام عارفی، کاشف حسین، فاضل جمالی، علی زریعون، رمزی عاصم، توفیق تقی، تہذیب حافی، عمیر نجمی، زاہد بشیر، ضیاء مزخور، ضرنیگر عباس، جون حسن، مالی وسان سمیت کئی اہم نام شامل تھے۔
گوجرانوالہ میں بھکاریوں کی والدہ کا چالیسواں؛ سوا کروڑ روپے خرچ کردیے
تقریب میں رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، ارکان سندھ اسمبلی آصف موسیٰ، محمد آصف خان، ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید، مختلف ٹاؤنز کے چیئرمینز، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر سردار خان سمیت خواتین، نوجوان، اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اپنے خطاب میں چیئرمین فرحان غنی نے مشاعرہ منعقد کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ ادبی تقریبات کا انعقاد بھی عوامی خدمت کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کو چنیسر ٹاؤن کا پہلا مشاعرہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر ٹاؤنز بھی اس طرح کے ادبی پروگرام منعقد کریں گے۔ مستقبل میں مزید ایونٹس، جیسے قوالی نائٹس اور فٹبال ٹورنامنٹ، کا بھی اعلان کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شعراء کو شیلڈز اور اجرک پیش کی گئیں، جبکہ حاضرین نے مشاعرے سے بھرپور لطف اٹھایا۔