تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
وزارت داخلہ چاہتی ہے ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ دی ہے، دونوں افسران سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی استدعا
اسلام آباد ( 26 دسمبر 2023ء ) حکومت نے الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو عہدوں سے ہٹانے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کے سابق مشیر احد چیمہ کوعہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، جہاں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ پیش ہوئے اور کہا کہ ’احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فیکشن رات کو جاری کردیا تھا‘، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا ’یعنی احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے پرعمل درآمد ہوگیا‘۔
اس موقع پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے وفاقی دارالحکومت کے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے کمیشن کو بتایا کہ ’آئی جی اور ڈی سی کے معاملے کی پیشرفت ہے، وزارت داخلہ نے آئی بی کی رپورٹ جاری کی، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے، جس میں وزارت داخلہ نے کہا ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے، وزیراعظم نے دونوں افسران کے متبادل کے لیے ہدایت دیں لہٰذا الیکشن کمیشن ان دونوں افسران سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرے‘۔
اس پر الیکشن کمیشن نے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو تبدیل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی اور چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ’وزارت داخلہ کی رپورٹ کو ہم دیکھ لیں گے، اپ کل تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں‘۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام اباد کو ہٹانے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے سٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے اور سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر خرم آغا نے سیکرٹری سٹیبلشمنٹ کو مراسلہ بھی بھیج دیا۔