حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں خوبصورت اور دھوکیباز بیوی ’نتاشا‘ کے شوہر کا کردار ادا کرنے والے فہام عثمان نے کہا ہے کہ ڈرامے میں ان کے کردار کو سراہا گیا، لوگوں کو ان کے کردار پر ترس آیا اور انہیں ہمدردیاں ملیں۔
میچ کے دوران کپتان سے تلخ کلامی پر ویسٹ انڈیز کا کھلاڑی میدان سے باہر چلاگیا
فہام عثمان نے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں امیر لیکن ایک ایسے شوہر کا کردار ادا کیا جو ہر وقت کھانے، پینے میں مگن رہتا ہے۔
ڈرامے میں فہام عثمان کے کردار کا نام سلمان ہوتا ہے لیکن اہلیہ نتاشا (اریج چوہدری) انہیں پیار سے ہمٹی ڈمپٹی بھی بلاتی ہیں، کیوں کہ شوہر ان کی تمام فرمائشیں پوری کرتے دکھائی دیتے ہیں اور انہیں آزادی بھی دے رکھی ہوتی ہے۔
بیوی کو مکمل آزادی دیے جانے کے بعد ان کی اہلیہ انہیں دھوکہ دیتی دکھائی دیتی ہیں اور دوسرے شادی شدہ خوبصورت مرد عدیل (عماد عرفانی) سے عشق لڑا بیٹھتی ہیں۔
ڈرامے میں فہام عثمان کے کردار کو خوبصورت بیوی کی جانب سے دھوکہ دیے جانے پر شائقین نے ان کے کردار کو پسند کیا اور یہ بھی الزام عائد کیا کہ ان کے کردار کو انتہائی سادہ دکھایا گیا۔
ڈرامے کی آخری قسط کو سینمائوں میں دکھائے جانے کے موقع پر فہام عثمان نے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا پیجز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’کبھی میں کبھی تم‘ میں کردار کرکے اچھا لگا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ ان کا کردار انتہائی مختصر تھا، تاہم اس باوجود لوگوں نے ان کے کردار کو بہت نوٹ کیا۔
فہام عثمان کے مطابق لوگوں کو ان کے کردار پر ترس آیا، انہوں نے سب کی ہمدردیاں بٹوریں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ایسے کرداروں کی پیش کش نہیں ہوتی۔
فہام عثمان نے بتایا کہ انہوں نے ’مائی ری‘ ڈرامے میں بھی شریف اور سادہ شوہر کا کردار ادا کیا تھا اور اب ’کبھی میں کبھی تم‘ میں بھی انہیں ایسا ہی کردار دیا گیا۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شاید ان کا چہرہ ہی ایسا ہے کہ ان پر منفی کردار اچھا نہیں لگتا، اس لیے انہیں سادہ اور شریف شخص کا کردار ملتا ہے۔
فہام عثمان نے یہ بھی کہا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ایسے ہی دکھائی دیتے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ انہیں ایسے کرداروں کی پیش کش ہوتی ہے۔