کراچی: (تشکر نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشین ڈولپمینٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس ایما فین سے ملاقات کی جس میں سندھ میں اے ڈی بی کی مدد سے جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، ملاقات میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لئے پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت (واش پروجیکٹ) کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک، ایشین ڈولپمینٹ بینک اور دیگر اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین کے لئے محفوظ گھر بنا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے 21 لاکھ گھروں میں واش روم اور نکاسی آب کا سسٹم قائم کرنے کے لئے واش پروجیکٹ کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب متاثرین کے گھروں کے لئے سولر پروجیکٹ میں بھی ایشین بینک کی مدد کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے علاوہ بھی صوبے میں سولر پروجیکٹ شروع کیا ہے کیونکہ بجلی کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے لوگ مہنگی بجلی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
ایشین ڈولپمینٹ بینک نے واش اور سولر پروجیکٹس کے لئے سندھ حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ (ٹی پی فور) کے قیام کے لئے بھی ایشین بینک کی مدد طلب کی، جس پر مس ایما فین نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت دی کہ ٹی پی فور کے ضروری دستاویزات ایشین بینک کو پہنچا دیئے جائیں۔
ملاقات میں سندھ حکومت اور ایشین بینک نے حیدرآباد میں انفرااسٹیکچر گیپس کی اسٹڈی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد کے انفرااسٹیکچر کے مسائل طے کرنے کے بعد اسی حساب سے ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔