تشکر نیوز: ایس ایس پی توحید رحمان نے اے وی ایل سی (اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل)، سی آئی اے کراچی کا چارج سنبھالنے کے بعد آج ایک تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ یہ میٹنگ دفتر ایس ایس پی اے وی ایل سی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں تمام ڈی ایس پیز (DSPs) اور ڈسٹرکٹ انویسٹیگیشن آفیسرز (DIOs) نے شرکت کی۔
ریئر ایڈمرل فیصل امین نے کمانڈر کوسٹ کا عہدہ سنبھال لیا
میٹنگ کا مقصد کراچی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں کی مکمل روک تھام کے لیے جامع اقدامات اور حکمت عملی پر بات چیت کرنا تھا۔ ایس ایس پی توحید رحمان نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکنیکل ذرائع کا بھرپور استعمال کیا جائے اور جرائم سے متعلق معلومات کے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے مقدمات کی تفتیش میں تیزی لانے اور چوری شدہ گاڑیوں کی جلد از جلد برآمدگی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ عدالتی احکامات کی بروقت تعمیل اور بہترین تحقیقات کے بعد وقت پر چالان جمع کرانے کو یقینی بنایا جائے۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی نے مزید کہا کہ گاڑیاں چھیننے والے مجرم معمولی مزاحمت پر قتل کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، اس لیے ان وارداتوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام ممکنہ ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا اور واضح کیا کہ ایسے مجرموں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔
ایس ایس پی توحید رحمان نے تمام ڈی آئی اوز کی کارکردگی کو سراہا اور جرائم کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے افسران کو یقین دلایا کہ کرائم کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔