انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کی جانب سے تعلیمی اداروں کے گرد و نواح میں منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران 9 مختلف کارروائیوں میں 11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 212.74 کلو گرام منشیات، جس کی مالیت اڑھائی کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، برآمد کی گئی۔
کراچی میں پان منڈی کے قریب تین منزلہ عمارت منہدم، امدادی کارروائیاں جاری
شکار پور سکھر میں ایک بڑی کارروائی کے دوران یونیورسٹی کے قریب سے 141.6 کلو گرام چرس برآمد ہوئی اور ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ اسلام آباد میں بھی یونیورسٹی کے قریب ایک کارروائی میں ایک ملزم کے قبضے سے 100 گرام چرس اور 35 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
دیگر کارروائیوں میں سکھر میں کوریئر آفس سے 3 پارسلز میں چھپائی گئی 42 کلو گرام چرس برآمد کی گئی اور تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے دو مسافروں کے قبضے سے 2.450 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ایک اور کارروائی میں سعودی عرب جانے والے مسافر کے پیٹ سے 28 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
قصور میں نور مسجد کے قریب سے 20.400 کلو گرام آئس برآمد کی گئی اور ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں دو ملزمان کے قبضے سے 5 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔