تشکرنیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم امن کے موقع پر اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور جغرافیائی و سیاسی تنازعات کو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم: مکالمے کے ذریعے عالمی امن کا فروغ ضروری
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے عالمی امن کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے عالمی یوم امن کا موضوع "امن کے کلچر کو فروغ دینا” ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کی حکومت اور عوام عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے فروغ کے لیے کھڑے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو قتل کر کے ان کی نسل کشی کر رہا ہے، جبکہ بھارت میں مودی حکومت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو امن اور ہم آہنگی کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں ایک بہتر اور پرامن دنیا میں زندگی گزار سکیں۔