تشکر نیوز: آقائے دو جہاں خاتم النبیین ﷺ کی ولادت کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے منتخب بلدیاتی نمائندے دن رات کوشاں ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے جلوسوں کی گزر گاہوں اور محافل کی جگہوں پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی استر کاری، اور روشنی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاک انڈونیشیا مشترکہ فوجی تربیتی مشق ‘ایلانگ اسٹرائیک ٹو’ پبی میں اختتام پذیر
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بحالی، اور روشنی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور جلوس کمیٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے اور نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ عاشقانِ رسول ﷺ کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کیمپس پر عاشقانِ رسول ﷺ کے جلوسوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا، جہاں ٹھنڈے پانی اور دیگر مشروبات فراہم کیے جائیں گے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ایکم ربیع الاول سے ہی ان کی ٹیم بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے اور تمام کام مکمل ہو چکے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔