تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن نہیں ہیں اور ان اداروں کو عوامی خدمت کے معیار پر پورا اترنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنی چاہیے تاکہ حکومت ان خامیوں کا نوٹس لے کر بہتری کے اقدامات کر سکے۔
ناظم آباد پولیس کی کارروائی: گٹکا ماوا فروشی میں ملوث دو ملزمان گرفتار
یہ باتیں انہوں نے گزشتہ شب لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن (لبرا) کی جانب سے سینئر صحافی شہزاد چغتائی کو لائف اچیومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس تقریب میں صحافتی برادری کے اہم ارکان نے شرکت کی۔
سعید غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ حقائق کے ساتھ رپورٹنگ کریں تاکہ حکومت کو صحیح صورتحال کا علم ہو اور بہتری کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی میں کردار ادا کرنا چاہیے، خاص طور پر نئی تعمیرات کو روکنے کے حوالے سے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن (لبرا) ایک اہم صحافتی تنظیم ہے اور وہ اس کی سرپرستی کرنے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ تنظیم جائز تعاون کی طلبگار ہو۔
تقریب میں سینئر صحافیوں امتیاز خان فاران، اقتدار انور، ملک آفتاب، اور زاہد عسکری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور شہزاد چغتائی کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہزاد چغتائی کی غیر موجودگی میں ان کا ایوارڈ لبرا کے صدر تنویر سید نے وصول کیا۔
جنرل سیکریٹری عمران علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبرا کے قیام کے دوران کئی مشکلات کا سامنا رہا، تاہم سینئر صحافی شہزاد چغتائی کی سرپرستی نے تنظیم کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے وزیر بلدیات سے تنظیم کی سرپرستی کی درخواست بھی کی۔
سعید غنی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ صحافی اگر سچائی اور حقائق پر مبنی خبریں دیں گے تو حکومت ان پر سنجیدگی سے نوٹس لے گی۔ انہوں نے سینئر صحافی شہزاد چغتائی کو ایک مثالی شخصیت قرار دیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر وزیر بلدیات کے ترجمان زبیر میمن، کے ڈی اے کے ترجمان اکرم ستار اور دیگر صحافیوں کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔