تشکر نیوز: نیپرا نے کراچی میں کے الیکٹرک کے زیر انتظام علاقوں میں 33 شہریوں کی کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے شوکاز نوٹس کے جواب کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔ نیپرا کے فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک متاثرہ خاندان کو 35 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرے، جبکہ محمد اسلم نامی ایک متاثرہ شخص کے خاندان کے وارث کو ملازمت فراہم کی جائے۔
شاہ فیصل نمبر تین میں غیر قانونی پیٹرول پمپ میں آگ، رہائشی عمارت کو نقصان، ایک شخص جاں بحق
یاد رہے کہ نیپرا نے اگست 2023 میں کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، تاہم کے الیکٹرک نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔ نیپرا نے اس حادثے پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا، اور اسے نیپرا قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے پر ذمہ دار ٹھہرایا۔
کے الیکٹرک کو پندرہ دن کے اندر جرمانے کی رقم نیپرا کے نامزد کردہ بینک میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا کہ 2020 سے 2023 کے دوران کراچی میں کرنٹ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کی گئی تھیں، جن میں سے 32 حادثات گھروں اور احاطوں میں پیش آئے، اور ان واقعات میں کے الیکٹرک کا انفراسٹرکچر ملوث نہیں پایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیپرا کے فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔