تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن کے علماء کرام و جلوس کمیٹی کے وفد نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جشن عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت اور قانونی اقدامات پر مرکزی علماء و مشایخ کا کنونشن
چیئرمین محمد یوسف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دو جہاں، حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے اور عاشقانے رسول ﷺ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاوّل کے دن گلی گلی سے جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں جن میں مسلمان آقا محمد ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ماہ ربیع الاوّل کا چاند نظر آتے ہی نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ نے بلدیاتی کاموں میں تیزی لائی ہے اور تقریباً اسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے اور جلوس کی گزرگاہوں کو ہموار کر کے روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
علماء کرام کے وفد نے ٹاؤن کی جانب سے جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب خدمات کو سراہا۔ چیئرمین محمد یوسف نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام بلدیاتی مسائل جشن عید میلادالنبیؐ سے قبل حل کر دیے جائیں گے۔