تشکر نیوز: نواب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے کراسنگ پر بجری سے لدے ایک ڈمپر ٹرک کے پھنس جانے کے باعث لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے بچ گئی، جس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔
تشکر نیوز کی رپورٹ کے مطابق پھاٹک پر موجود گیٹ مین نے خطرہ بھانپتے ہوئے ٹرین ڈرائیور کو لال جھنڈی دکھا کر خبردار کیا۔ ٹرین ڈرائیور عبدالغفار نے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کی رفتار کم کر دی، جس کے باعث ٹرین ٹرک سے ٹکرانے کے باوجود پٹری سے نیچے نہیں اتری، یوں بڑے جانی نقصان سے بچا لیا گیا۔
ٹرین ڈرائیور عبدالغفار نے بتایا کہ جب ٹرین 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی، انہیں تقریباً 800 میٹر کے فاصلے پر ٹرک پٹریوں پر پھنسا ہوا نظر آیا۔ فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگانے سے ٹرین کی رفتار کم ہو گئی اور تصادم کے باوجود پٹری سے اترنے سے محفوظ رہی۔
ریلوے اسسٹنٹ انجینئر مقصود لاریک کے مطابق گیٹ مین نے پھاٹک بند کرنے کی کوشش کی، لیکن جلدی میں ٹرک ڈرائیور نے بجری سے بھرا ڈمپر پٹری پر چڑھا دیا، جو پھنسا رہ گیا۔
حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کرنے اور پٹری کی مرمت کے لیے میونسپل انتظامیہ سے بھاری مشینری طلب کی گئی، کیونکہ ریلوے کے پاس ایسی مشینری موجود نہیں تھی۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ کر مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کیں۔