تشکر نیوز: چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سندھ پولیس اور رینجرز نے مختلف شہروں میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا تاکہ جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال پر قابو رکھا جا سکے۔ یہ مارچ کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف اہم مقامات پر کیا گیا، جس کا مقصد حساس علاقوں میں سیکیورٹی کی موجودگی کا مظاہرہ کرنا تھا۔
فلسطینیوں کی نسل کشی پر عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ، وزیراعظم شہباز شریف
کراچی میں فلیگ مارچ ملیر لنک روڈ، صفورا چوک، گلزار ہجری روڈ، لیاقت مارکیٹ، سعود آباد چوک، کھوکھرا پار، جناح اسکوائر، ملیر ہالٹ، پورٹ قاسم چوک، گلشن حدید، لانڈھی، قائد آباد، مچھر کالونی، نیو سبزی منڈی، نیو کراچی، اور مزار قائد سمیت متعدد علاقوں میں ہوا۔ جبکہ اندرون سندھ، کندھ کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، حیدرآباد، دادو، ٹھٹھہ، سجاول، عمرکوٹ اور مٹھی سمیت دیگر شہروں میں بھی یہ مارچ کیا گیا۔
مارچ کے دوران حساس امام بارگاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں کا معائنہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔