تشکر نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اقلیتی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ آئی ایس پی آر نے بیان دیا کہ اقلیتوں کے حقوق اور آزادی آئین اور اسلام کے مطابق مقدس ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی ہدایت کردی
بیان کے مطابق، افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیف نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہمارے تنوع، ہم آہنگی، اور سب کی شمولیت کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اقلیتی برادری ہمارے سماجی تانے بانے کا ایک لازمی اور اہم حصہ ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اقلیتوں نے ہمیشہ ملک کی ثقافتی شناخت، ترقی، اور سماجی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے وژن سے لے کر آج تک، اقلیتیں قومی تعمیر کا حصہ رہی ہیں اور ان کی قربانیاں اور کوششیں قابل قدر ہیں۔ افواج پاکستان اقلیتی برادری کے عزم، جذبے اور قربانیوں کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ افواج پاکستان ملک میں ہم آہنگی اور وفاداری کو سراہتی ہیں اور اقلیتوں کے حقوق، آزادیوں اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔