تشکر نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ انہوں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور جتنے مقدمات بنانا ہیں، بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔” انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی فوٹیجز سامنے لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے لوگ ان میں ملوث پائے گئے، تو وہ معافی مانگیں گے، ان لوگوں کو پارٹی سے نکالیں گے اور سزا دلوانا یقینی بنائیں گے۔
سانحہ 9 مئی میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت منظرعام پر
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ان سے مذاکرات کے لیے کسی نے رابطہ نہیں کیا اور اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ انتخابات ہوئے، تو وہ انہیں تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "حکومت دلدل میں دھنستی جارہی ہے اور اس کے پاس صرف 2 ماہ ہیں۔” انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پیٹرول بم استعمال کرنے والے پی ٹی آئی عہدیداروں کو سزا دی جائے، لیکن وہ زمان پارک لاہور میں پیٹرول بم کے استعمال کو تسلیم کرتے ہیں، کہیں اور نہیں۔