تشکر نیوز: پاک بحریہ کے جنگی جہاز یرموک نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) کے تحت بحرین کی بندرگاہ میناء سلمان کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر بحرین نیوی کے اعلیٰ افسران اور پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے جہاز کا استقبال کیا۔ بعد ازاں، پی این ایس یرموک کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراھیم آل بن علی، کمانڈر رائل بحرین کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر ثاقب قمر اور بحرین نیوی کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
عزیر بلوچ اور غفار ماما پولیس مقابلہ کیس میں عدم شواہد پر بری
کمانڈنگ آفیسر نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور ڈپٹی کمانڈر کموڈور مارک اینڈرسن سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بندرگاہ میناء سلمان میں قیام کے دوران، بحرین میں مقیم پاکستانی سفیر، کمانڈر میری ٹائم کولیشن فورسز، بحرین نیوی کے حکام، معروف کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے معززین اور دوست ممالک کے سفارتکاروں نے پاک بحریہ کے جہاز یرموک کا دورہ کیا۔ اس دوران مختلف دوطرفہ سرگرمیاں اور جنگی بحری جہازوں اور فوجی تنصیبات کے دورے بھی کیے گئے۔
دورے کے اختتام پر، پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے رائل بحرین نیوی کے جہاز المنامہ، امریکی جہاز ڈینیئل انوئے (Daniel Inouye) اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (JMSDF) کے جہاز جے ایس سمیدارے (Samidare JS) کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا انعقاد کیا۔ مشقوں کا مقصد بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا اور خطے میں مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا۔
پاکستان بحریہ بحر ہند میں قومی اور بین الاقوامی سمندری راستوں اور تجارتی گزرگاہوں کی نگرانی کے لیے مستقل موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ عالمی بحری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کے لیے، بحری قزاقی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف آپریشنز میں بھی فعال ہے اور علاقائی و بین الاقوامی بحری افواج کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کر رہی ہے۔