متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے زیر اہتمام کراچی کے باغ بن قاسم میں قومی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا جب کہ اس موقع پر پارٹی رہنما فاروق ستار نے وفاقی و صوبائی حکومت سے اگست کو شجرکاری کے لیے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید امین الحق، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، انیس قائم خانی اور علی خورشیدی سمیت متحدہ عرب امارات، فرانس اور ملائیشیا کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے احمد رضا نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا، یوم آزادی کی تیاریاں بھی جاری
تقریب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری تقریب میں آنے والے قونصل جنرلز سمیت تمام لوگوں کا انتہائی مشکور ہوں، ایم کیو ایم کے زیر اہتمام آج کا پروگرام تاریخی ثابت ہوگا، ہزاروں کی تعداد میں شہر میں پودے لگانے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو ماحول دوست بنانے کے لیے شجر کاری ضروری ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گرین پاکستان کے نام سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے، وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگست کے ماہ کو شجرکاری کے لیے مختص کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی شجرکاری مہم ثابت ہوگی، زیر زمین پانی کو بھی بچانے سے متعلق اقدامات اٹھانے ہیں، لاکھوں نہیں کروڑوں پودے لگا کر اس ملک کو ہرا بھرا کریں گے، شہر کو ماحول دوست بنانے کے لیے شجر کاری ضروری ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ دنوں کامیاب یوتھ کنونشن کیا تھا، یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے سے متعلق تجاویز دی ہیں۔