سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام سے کیے وعدے پورے کررہی ہے، جب کہ پورے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جال بچھایا جائے گا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو کم سے کم کرائے میں سفری سہولت دے رہی ہے، صوبائی حکومت ہر مسافر کو سبسڈی دے رہی ہے۔
اقبال مارکیٹ قتل کیس حل: بیوی ماریہ اور عاشق حمزہ کی گرفتاری، منصوبہ بندی بے نقاب
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 4 دنوں میں 4 بس سروس روٹ شروع کیے، اور اب یوسف گوٹھ سے ٹاور تک پیپلز بس سروس کا روٹ شروع کررہے ہیں، پہلی ای وی بسیں بھی سندھ حکومت نے ہی شروع کیں اور اب پیپلزپارٹی پہلی ای وی ٹیکسی شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام سے کیے وعدے پورے کررہی ہے اور مشکل وقت میں پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، جب کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب میں جن کے گھر ٹوٹے انہیں بناکردیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے یہاں کے منتخب نمائندگان سے بس چلانے کا عہد کیا تھا، آج الحمد اللہ بسیں چل رہی ہیں، پورے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جال بچھایا جائے گا، کراچی کے لیے جو پیپلز پارٹی نے کیا اور جو دوسروں نے کیا وہ سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کےانتخابی مہم کے وعدے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں، سندھ حکومت مفت علاج کی سہولت دے رہی ہے، سندھ حکومت کم کرایہ میں شہریوں کو ایئرکنڈیشنڈبسوں میں سفرکرارہی ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 2018 میں پورے پاکستان میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ایک مصنوعی شخص کو لیڈر بنا کر پیش کیا گیا۔