دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 7 مقدمات میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اگست تک توسیع کردی۔
تشکر نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے ویڈیو لنک پر شاہ محمود قریشی کی حاضری مکمل کی۔
گرفتاریوں، چھاپوں اور مقدمات کیخلاف پی ٹی آئی کی آج بھی پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال
بعد ازاں عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اگست تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ 26 جون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو سانحہ 9 مئی میں دہشتگردی سمیت 7 مقدمات میں قصور وار قرار دے دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جلاؤ گھیراؤ اور پر تشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خارجہ کو ساتوں مقدمات میں قصور وار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا ہے۔
پسِ منظر
واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔