تشکر نیوز: چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات مثالی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔
این آئی سی وی ڈی سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چین کے سفیر جیانگ زائڈونگ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چینی ڈیفنس اتاشی، سفارتخانے کے حکام، اور تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پی ایل اے کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، سلامتی، اور ترقی میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات مثالی ہیں اور اسٹریٹجک صورتحال میں دونوں ممالک کے تعلقات قائم و دائم رہے ہیں۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے تعلقات مضبوط ہیں، اور دوطرفہ عسکری تعاون دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
چینی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہی ہے اور پاکستان اور خطے میں امن اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں اور کوئی طاقت پاکستان اور چین کے تعلقات کو تباہ نہیں کرسکتی۔