تشکر نیوز: سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر، واٹر کارپوریشن حکام نے عام تعطیل کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کی متعدد شکایات کا ازالہ کیا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، حکام نے ماڈل کالونی، احسن آباد، ماڈل زون، تین ہٹی برج، نیو کراچی، ناظم آباد، صدر، لیاری، لیاقت آباد، بلدیا، گڈاپ، اورنگی، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، سرجانی، سہراب گوٹھ، شاہ فیصل، مومن آباد، اسکیم 33، جناح ٹاؤن اور جمشید ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے مین ہولز کو رنگ سلیب اور کورز سے ڈھانپ دیا اور مختلف لائنوں کی صفائی کرکے سیوریج کے اوور فلو کا خاتمہ کیا۔
کراچی: شہر بھر میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری
شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی لائنوں میں لیکیجز کو بھی ختم کر دیا گیا ہے اور مختلف مساجد، امام بارگاہوں، مجالس گاہوں، سبیلوں اور جلوس کے راستوں پر فراہمی و نکاسی آب کے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
انچارج ہائیڈرنٹس سیل الٰہی بخش بھٹو نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر محرم الحرام کے انتظامات کے تحت مختلف مقامات پر واٹر ٹینکرز فراہم کیے جا رہے ہیں، اور یہ سلسلہ 12 محرم الحرام تک جاری رہے گا جس کی نگرانی فوکل پرسن برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن انتظامیہ ہر سال کی طرح رواں سال بھی محرم الحرام کے سلسلے میں بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں واٹر کارپوریشن کے افسران جعفریہ الائنس کے رہنماؤں سے مکمل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں واٹر کارپوریشن افسران و ملازمین دن رات محنت کر رہے ہیں کیونکہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔