تشکرنیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس صدر کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری آصف خان، شکیل چوہدری، مرزا مقبول، خالد صابن والا، ذوالفقار قائمخانی سمیت تمام نومنتخب ڈسٹرکٹ صدور، سینئر نائب صدور، جنرل سیکرٹریز اور انفارمیشن سیکرٹریز نے شرکت کی۔
انویسٹی گیشن ونگ سی ٹی ڈی کراچی کی بڑی کارروائی: تحریک طالبان کے دہشت گرد محمد شعیب گرفتار
اجلاس میں پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن، پیپلز ڈاکٹر فورم، پیپلز لائرز فورم، پیپلز انجینئرنگ اور پیپلز منارٹی ونگ سمیت تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
سعید غنی نے شہید قائدین اور پارٹی کے شہید کارکنوں بالخصوص ڈسٹرکٹ کورنگی میں حالیہ دنوں میں شہید ہونے والے کارکنوں کے لیے دعا کروائی۔ تمام نومنتخب عہدیداران نے اپنا تعارف کروایا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، فریال تالپور، نثار احمد کھوڑو، وقار مہدی اور سعید غنی کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں عہدیداران نے پارٹی کو کراچی میں مزید فعال اور مستحکم بنانے کا عزم دہرایا۔ سعید غنی نے تاکید کی کہ تمام عہدیداران پارٹی کے نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اور شہر میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
سعید غنی نے سابقہ عہدیداران کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور تمام عہدیداران کو روزانہ کی بنیاد پر عوام سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کنٹونمنٹ انتخابات کے لیے تمام تیاریوں کا آغاز کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے ہونا چاہیے۔
سعید غنی نے نئے عہدیداران کو مزید ذمہ داریاں سنبھالنے اور ناراض کارکنان کو ساتھ لے کر چلنے کی ہدایت کی۔ محرم الحرام کے بعد کراچی ڈویژن کے تحت ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔