تشکر نیوز: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پیر الہی بخش کالونی، کراچی شرقی سے لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب ملزمان عثمان شاہ عرف عثمان رکشے والا، عبداللہ اور نثار عرف کاشان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور آوان بم برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی کے دست راست منا گھانچی اور صادق عرف سلو عرف ماما صادق کی ہدایت پر کراچی میں بھتہ وصولی اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ ملزمان بھتہ وصولی، منشیات فروشی، فائرنگ، اسلحہ چھپانے اور دیگر جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے منا گھانچی اور صادق عرف سلو عرف ماما صادق کی بیرون ملک ہدایت پر متعدد مجرمانہ کارروائیاں کیں۔
ملک بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف عزم استحکام آپریشن کی منظوری
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ دسمبر 2020 میں انہوں نے پیر الہی بخش کالونی کی گتہ فیکٹری کے مالکان سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا اور نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کر کے بعد میں 20 لاکھ روپے وصول کیے۔ جنوری 2021 میں ملزمان نے کراچی کے مشہور بلڈر کے دفتر پر فائرنگ کی اور 70 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ اس کے علاوہ ایک ہوٹل والے سے ڈرا دھمکا کر 5 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔
ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ مختلف کاروباری افراد سے ماہانہ بھتہ وصول کر کے احمد علی مگسی کو بیرون ملک بھجوا رہے تھے۔ انہوں نے بھاری مقدار میں اسلحہ چھپانے اور کمانڈ کے کارندوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا بھی انکشاف کیا۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن، ہینڈ گرنیڈ اور آوان بم مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔