امیر البحر کا آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ساحلی اور کریک علاقوں کا دورہ

کراچی، 11 دسمبر 23: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے یونٹس کی آپریشنل اور جنگی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کریکس اور ساحلی علاقوں کا دورہ کیا۔ سجاول پہنچنے پر، نیول چیف کو کریکس ایریا کے موجودہ سیکیورٹی چیلنجز اور بحری دفاع کے حوالے سے آپریشنل بریفنگ دی گئی۔ اگلے مورچوں کے دورے کے دوران، امیر البحر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور دشمن کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں، سربراہ پاک بحریہ نے پی این ایس اکرم، گوادر کا بھی دورہ کیا اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جناح نیول بیس، پاک بحریہ کے ہسپتال درمان جاہ اور اورماڑہ میں کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے جہازوں کے دورے پر پی این ڈاکیارڈ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔

کریکس اور کوسٹل علاقوں اور جہاز پر تعینات جوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران امیر البحر نے ان کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کریکس اور ساحلی علاقوں کے سخت ماحول اور بحری خطے میں موجود علاقائی چیلنجز کے پیش نظر مادر وطن کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے میں افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور لگن کو بھی سراہا۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے فیلڈ یونٹس کو ہدایت کی کہ وہ مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ہتھیاروں اور آلات کا بھرپور استعمال یقینی بنائیں۔

 

 

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!