تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم صحافیوں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سہولتیں فراہم کی ہیں، ہم چوتھی بار منتخب ہوکر آئے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت خاص طور پر صحافی بھائیوں کی پلاٹس کے حوالے سے یا پریس کلب کے گرانٹس کے متعلق سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نئے ممبران ہیں 700 کے قریب ہیں ان کو پلاٹس نہیں ملنے کا معاملہ ہے تو ان کو زمین سندھ حکومت الاٹ کرے گی، میری یہ کوشش ہوگی کہ میں وزیر بلدیات رہوں اور میرے دور میں ہی یہ سب کام ہوجائے، وزراتوں میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، میری کوشش ہوگی یہ کام جلد از جلد مکمل ہوجائے، باقی تمام مسائل سیکنڈری ہیں۔
سعید غنی نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہم یہ چاہیں گے کہ آپ کے شعبے میں کام کرنے والے دوستوں کے زندگی کے اور مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات کسی بھی انسان کے لیے بنیادی ہوتی ہے کہ جب تک وہ گھر اور بچوں کے مسائل سے آزاد نہیں ہوتا تب تک وہ اپنا کام صحیح طریقے سے نہیں کرسکتا، جب ہم بچوں کے تعلیم و دیگر مسائل سے نہیں نکلیں گے تو صحافی صحافت نہیں کریں گے بلکہ کچھ اور کریں گے۔
وزیر اعظم کے دورہ کراچی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں، صوبہ سندھ پاکستان کا صوبہ ہے، وزیر اعظم کو یہاں آتے رہنا چاہیے۔