اس عید 4 فلمیں ریلیز کی گئی ہیں تاہم اگر آپ کسی وجہ سے سینما گھر کا رخ نہیں کرسکے تو پریشان نہ ہوں، انٹرٹینمنٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے ٹیلی فلمیں پیش کی گئی ہیں۔
عید الفطر کے تینوں دن ملک کے بڑے ٹی وی چینلز پر یومیہ تقریباً ایک ٹیلی فلم ضرور نشر کی جائے گی، تاہم بعض ٹی وی چینلز پر یومیہ تین تین ٹیلی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ پاکستان میں ٹیلی فلموں کی مقبولیت بہت زیادہ ہے اور انہیں عام طور پر خواتین زیادہ پسند کرتی ہیں۔
اچاری محبت
دو بالکل مختلف خاندانوں سے تعلق رکھنے والے دو لوگوں کی کہانی میں طویل عرصے بعد پہلی بار اداکارہ سوہائے علی ابڑو جلوہ گر ہوں گے، صائمہ اکرم چوہدری کی تحریر کردہ کہانی پر مبنی ٹیلی فلم ’اچاری محبت‘ اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر ہوگی جس میں سوہائے علی ابڑو کے علاوہ شجاع اسد اور اریکا روبن، صبا حمید اور دیگر دکھائی دیں گے۔
جھوٹا کہیں کا
اے آر وائے پر نشر ہونے والی ٹیلی فلم ’جھوٹا کہیں کا‘ میں رانیا اور ریحان کی محبت کی کہانی پر مبنی ہوگی، رانیا کا کردار حنا الطاف جبکہ ریحان کا کردار عثمان خان ادا کررہے ہیں۔
لوو سیاپا
عید کے پہلے دن ناظرین کو لطف اندوز کرنے کے لیے جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والی ٹیلی فلم ’لوو سیاپا‘ میں اداکار وہاج علی، اداکارہ حنا الطاف جلوہ گر ہوں گے۔ یہ ٹیلی فلم محبت کی کہانی پر مبنی ہے لیکن اس میں کامیڈی کا بھی تڑکا شامل ہے۔
روپوش
2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو میں شامل جیو ٹی وی کی ٹیلی فلم روپوش اس سال عید کے پہلے دن دوبارہ نشر کی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر علی فیضان کی اس ٹیلی فلم میں ہارون کادوانی اور کنزا ہاشمی نے مرکزی کردار ادا کیے جبکہ محمود اسلم، صبا فیصل، حنا خواجہ بیات، سیفی حسن اور شبیر جان نے بھی اہم کردار ادا کیے۔