عالمگیرخان کی فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست پرالیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

  کراچیسندھ ہائیکورٹ نے این اے 236 سے آزاد امیدوار عالمگیر خان کی فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو این اے 236 سے آزاد امیدوار عالمگیر خان کی فارم 45 کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے تمام دستاویز ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیے ہیں، لوگوں نے حلف لے لیا ہے اسمبلیاں بن گئی ہیں، آپ کو اسی وقت آنا تھا اب تو فارم اپ لوڈ ہوچکے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ  الیکشن پٹیشن فائل کرنی ہے تاحال فارم 45 نہیں ملا ہے۔ این اے 236 کا تاحال فارم 45 اپ لوڈ نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل صاحب الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کھول کر دیکھیں فارم 45  ہے یا نہیں ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ویب سائٹ پر این اے 236 کا فارم 45 نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سارے دستاویز اپ لوڈ کرنے ہوتے ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ فارم 45 اور 47 سمیت این اے 236 کا کوئی فارم الیکشن کمیشن نے اپ لوڈ نہیں کیا ہے۔

سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ این اے 236 کا فارم 47 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 45 فراہم نہیں کیے گئے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیے عدالت نے این اے 236 کے فارم 45 تاحال اپ لوڈ نہ کرنے کی وجوہات طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ذمے دارافسر کو بھی 21 مارچ کو طلب کرلیا۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!