سیالکوٹ: پولیس نے فراز گراؤنڈ سانحے کے متاثرہ خاندان کو مبینہ طور پر صلح کے لیے دھمکیاں دینے کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر محمد انصر عرف مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف بشیر کو گرفتار کرلیا۔
یہ کارروائی صدر ڈسکہ پولیس نے متاثرہ خاندان کی شکایت پر کی۔
متاثرہ خاندان کو دھمکانے کا الزام
اطلاعات کے مطابق متاثرہ فریق نے دونوں بھائیوں پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سانحے میں جاں بحق نوجوان ریحان کے اہل خانہ اور مقدمے کے مدعی کو ہراساں کر رہے تھے۔
الزام ہے کہ ملزمان مقدمے میں صلح اور اسے واپس لینے کے لیے خاندان پر دباؤ ڈال رہے تھے۔ مبینہ طور پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
جاں بحق نوجوان ریحان کے بہنوئی کی مدعیت میں اس معاملے پر مزید دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے مقدمے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
فراز گراؤنڈ سانحہ کیا تھا؟
چند روز قبل مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران شدید بدانتظامی اور بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد مسٹر پتلو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 149، 148، 109، 188، 440، 431 اور 322 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔
کراچی پولیس کے 43 مقابلے، 6 ڈاکو ہلاک، 51 زخمی، 889 سے زائد ملزمان گرفتار
پولیس کی تفتیش جاری
پولیس حکام کے مطابق گرفتار دونوں بھائیوں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانون شکنی اور دھمکیاں دینے میں ملوث کسی بھی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

