ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے ڈاکٹر علامہ جمیل راٹھور کی قیادت میں 15 رکنی علماء کے وفد نے ملاقات کی، پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی آزاد خان سے کراچی پولیس آفس میں سربراہ علماء پیس کونسل ڈاکٹر علامہ جمیل راٹھور کی قیادت میں 15 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر میں امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی، عوامی مسائل اور مذہبی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں مفتی غوث بخش مہروی، علامہ اشرف گورمانی، مولانا محمد فرید قادری، علامہ زبیر ہزاروی، مفتی زاہد عزیز چشتی، مولانا محمد رضوان بیگ اور دیگر معزز علماء کرام شامل تھے۔
تھرپارکر ایمبولینس حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان
ملاقات کے دوران علماء کے وفد نے شہر میں امن و امان کی صورت حال اور عوام کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

وفد نے کراچی پولیس کی کارکردگی اور قیامِ امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کا شکریہ ادا کیا۔