وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے کی شفاف انکوائری کا حکم دے دیا، بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کی ہدایت کی۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو محکمہ صحت کے ذریعے واقعے کی شفاف انکوائری کرانے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
سید مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کا کہا۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ حادثہ انسانی غفلت یا کسی مجرمانہ فعل کے باعث پیش آیا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے متعلقہ حکام کو تھرپارکر میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ نظام کا جائزہ لینے اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

