کراچی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) / سی آئی اے نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ آن لائن منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے جو قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ سولجر بازار کی حدود میں کی گئی جہاں ملزم عبدالوسیم ولد حیان شاہ کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 150 گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ایک عادی مجرم ہے جو آن لائن منشیات کا کاروبار کرتا تھا اور ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے مختلف خریداروں کو منشیات سپلائی کرتا تھا۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ ملزم 2025 میں زمین کے تنازع پر ہونے والے ایک قتل میں بھی مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم بدنام زمانہ منشیات فروش مراد شاہ عرف “بابا ولایت” سے منشیات حاصل کر کے آن لائن فروخت کرتا تھا، جس کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
سابقہ ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 770/2025، دفعہ 302 تعزیرات پاکستان تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں درج ہے۔
ایس ایس پی SIU کے ترجمان ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ SIU میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس منشیات نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔