Tashakur News

ناظم آباد میں تجاوزات اور ٹریفک مسائل پر کارروائی کی ہدایت

کراچی: کمشنر کراچی کمپلینٹ مینجمنٹ یونٹ کو ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد میں غیر قانونی تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل سے متعلق متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ضروری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کراچی کے دفتر سے جاری مراسلے کے مطابق کمشنر کراچی کمپلینٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے موصول شکایات ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) ناظم آباد کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ قانون اور پالیسی کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد بھی تجاوزات سے متعلق شکایات پر ٹی ایم سی سے رپورٹ طلب کر چکے ہیں۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے ناظم آباد نمبر 7، میجسٹک ہوٹل، عباسی شہید اسپتال، پاپوش نگر چورنگی، چاندنی چوک، بورڈ آفس اور ناظم آباد نمبر 2 کے اطراف غیر قانونی چنگ چی رکشہ اڈوں اور بے ہنگم ٹریفک کے باعث درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کے مطابق مختلف مقامات پر غیر مجاز رکشہ اسٹاپس قائم ہونے سے سڑکوں کی گنجائش متاثر ہو رہی ہے اور روزانہ ٹریفک جام معمول بنتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے میجسٹک ہوٹل کے اطراف صورتحال سنگین تھی جبکہ اب بورڈ آفس روڈ پر بھی غیر قانونی رکشہ اسٹاپس قائم ہونے سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹریفک کی خراب صورتحال کے باعث شہریوں، مریضوں، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بعض مقامات پر تلخ کلامی اور تنازعات کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موصول شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اڈوں، تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور عوامی مشکلات کم ہوں۔

 

1285

Exit mobile version