Site icon Tashakur News

محرم الحرام 1448ھ: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا سیکیورٹی اجلاس، مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

کراچی: محرم الحرام 1448ھ کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں پولیس، بلدیاتی اداروں، یوٹیلٹی اداروں اور عزاداری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے افسران، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، کراچی الیکٹرک، کے ایم سی، مختلف ٹاؤن انتظامیہ کے نمائندگان، اہل تشیع عہدیداران، امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس روٹ پرمٹ ہولڈرز شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، جلوس و مجالس کے راستوں پر درپیش مسائل اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزادارانِ امام حسینؑ کو محفوظ ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون کے ذریعے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں اہل تشیع عہدیداران، امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس منتظمین نے اپنے علاقوں کے مسائل، انتظامی ضروریات اور سیکیورٹی تجاویز پیش کیں، جنہیں متعلقہ حکام نے نوٹ کرتے ہوئے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

ایس ایس پی سینٹرل نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں امام بارگاہوں کی انتظامیہ، جلوس منتظمین اور مقامی عمائدین سے مسلسل رابطہ رکھیں، سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیں اور کسی بھی ممکنہ غفلت سے اجتناب کیا جائے۔

اجلاس کے اختتام پر محرم الحرام کے دوران مکمل ہم آہنگی، مؤثر رابطہ کاری اور بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Exit mobile version