صدر اور زینب مارکیٹ کے علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ اور پارکنگ مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے متعدد موٹر سائیکلیں ضبط کر لیں اور مختلف غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس ختم کر دیے۔
اکنامک سروے 27-2026: پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد، چار سال کی بلند ترین سطح
یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار کی سربراہی میں کی گئی، جس کے دوران مصروف تجارتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کو ہدف بنایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق صدر اور زینب مارکیٹ میں غیر قانونی پارکنگ شہریوں کے لیے ٹریفک جام اور مشکلات کا باعث بن رہی تھی، جبکہ پارکنگ مافیا نے کئی مقامات پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس ختم کیے گئے اور متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئیں۔ ان کے مطابق شہریوں، تاجروں اور خریداروں کو طویل عرصے سے اس مسئلے کا سامنا تھا۔
حاظم بھنگوار نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اگر غفلت سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری اور شہری سہولت کے لیے غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
شہریوں اور تاجروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقل کارروائیوں سے علاقے میں ٹریفک کی صورتحال بہتر ہوگی اور غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

