Site icon Tashakur News

اورنگی ٹاؤن میں نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج، اہلیہ گرفتار

کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں عرشی مسجد کے قریب نوجوان حمزہ کی گلے میں پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے والد ظہور الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مقتول کی اہلیہ دعا اور اس کے سابق شوہر فہد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی کا مؤقف ہے کہ انہیں ان کی بیٹی نے فون کرکے فوری طور پر حمزہ کے گھر پہنچنے کو کہا۔ گھر پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ حمزہ کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی تھی جبکہ اس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ مدعی کے مطابق مقتول کے منہ میں کپڑا ٹھونسا گیا تھا اور جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔

مقدمے میں درج بیان کے مطابق مقتول کے بھائی عمران کو ابتدا میں اطلاع دی گئی تھی کہ حمزہ نے خودکشی کی ہے، تاہم موقع پر پہنچنے کے بعد صورتحال مشکوک محسوس ہونے پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ بعد ازاں پولیس اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کو اس کی اہلیہ دعا اور اس کے سابق شوہر فہد نے مبینہ طور پر قتل کیا اور بعد میں واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ایف آئی آر میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعے سے چند روز قبل فہد مقتول کے گھر آیا تھا جہاں جھگڑا اور تلخ کلامی ہوئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے بعد مقتول کی اہلیہ دعا کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ نامزد ملزم فہد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

Exit mobile version