کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر حیدری کے مقام پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں کارکنان، خواتین اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران گلگتی ثقافتی رقص پیش کیا گیا جبکہ کامیابی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری رؤف احمد ناگوری مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے انتظامات ضلع وسطی کی مقامی قیادت نے کیے، جبکہ متعدد پارٹی رہنما اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رؤف احمد ناگوری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابی نتائج پارٹی کی عوامی مقبولیت اور قیادت پر اعتماد کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق پارٹی قیادت خطے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ضلع وسطی کے صدر سردار خان نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی کامیابی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے اور پارٹی اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور انتخابی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
