تھانہ جمشید کوارٹرز کی حدود میں ایم اے جناح روڈ کے قریب رات گئے پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
موٹروے پولیس اجلاس: روڈ سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
گرفتار ملزم کی شناخت محمد یاسر ولد طاوس خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سے ایک پسٹل، گولیاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
برآمد ہونے والی موٹر سائیکل نمبر KQO-7551 کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے جمشید کوارٹرز کے علاقے سے چھینا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 280/26 دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ جمشید کوارٹرز میں پہلے ہی درج ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر ملزمان کو شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی موٹر سائیکل چوری کے ایک مقدمے میں تھانہ رضویہ سے گرفتار ہو چکا ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

