Site icon Tashakur News

امریکی صحافی کے اغوا میں ملوث طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے کے اغوا اور دہشتگردی سے متعلق جرائم میں ملوث قرار دیے گئے طالبان کمانڈر حاجی نجیب اللہ کو 42 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
ایران نے 3 ارب ڈالر کے اثاثے منتقل کرنے کی رپورٹس مسترد کر دیں

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ حاجی نجیب اللہ کو دہشتگردی میں معاونت اور یرغمال بنانے کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد نیویارک کی عدالت نے انہیں طویل مدت قید کی سزا سنائی۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے اور ان کے دو ساتھیوں کو 2008 میں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔ انہیں تقریباً سات ماہ تک یرغمال رکھا گیا، جس کے بعد وہ رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق حاجی نجیب اللہ پر امریکی فوجی قافلوں پر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ استغاثہ کا مؤقف تھا کہ ملزم نے نہ صرف اغوا کی کارروائی میں کردار ادا کیا بلکہ دہشتگرد سرگرمیوں کی معاونت بھی کی۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے تمام شواہد اور گواہیوں کا جائزہ لینے کے بعد سزا سنائی۔

واضح رہے کہ ڈیوڈ روہڈے ایک معروف امریکی صحافی ہیں جو افغانستان میں رپورٹنگ کے دوران اغوا ہوئے تھے۔ ان کے اغوا کا واقعہ اس وقت عالمی سطح پر خاصی توجہ کا مرکز بنا تھا۔

Exit mobile version