کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی کے صدر سلمان خان کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں قرآن خوانی، دعائے مغفرت اور روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت کے علاوہ علماء کرام، سماجی شخصیات، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور اجتماعی قرآن خوانی سے کیا گیا۔ بعد ازاں معروف مذہبی اسکالر مولانا آزاد جمیل نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے والدین کے مقام و مرتبے، ان کی خدمت کی اہمیت اور مرحومین کے لیے دعاؤں اور ایصالِ ثواب کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کروائی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنان نے سلمان خان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی دینی، اخلاقی اور خاندانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ والدہ کی محبت، تربیت اور قربانیاں زندگی کا انمول سرمایہ ہوتی ہیں اور ان کی جدائی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرحومین کے لیے دعائیں اور نیک اعمال بہترین تحفہ ہیں۔
اجتماع کے اختتام پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب، ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور استقامت کی دعا بھی کی گئی۔
