راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لبنانی آرمی چیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد دونوں عسکری رہنماؤں کے درمیان باضابطہ ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون سمیت مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور تربیتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان کے مطابق لبنان نے بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا، جبکہ دونوں ممالک کی افواج نے ادارہ جاتی روابط اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

