Site icon Tashakur News

کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ: ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا دی ہے، جس میں کراچی میں جاری بجلی کی طویل بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ قرارداد رکن سندھ اسمبلی معاذ محبوب کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے تاکہ شہریوں کو شدید گرمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران مبینہ طور پر ہونے والی اموات کے حوالے سے کے الیکٹرک حکام کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔

متن کے مطابق کے الیکٹرک نے سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی ہدایات کو نظر انداز کیا، جس سے ایوان کے استحقاق کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کراچی، خصوصاً پی ایس 127 کے علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

معاذ محبوب نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی مکمل اور تحریری رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرے، اور عوام کو بجلی کی بندش کی وجوہات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا جائے۔

Exit mobile version