کراچی میں سال 2026 کے دوران ٹریفک حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث شہر میں ٹریفک نظام کی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 432 افراد جاں بحق جبکہ 4,967 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 329 مرد، 51 خواتین، 41 بچے اور 11 بچیاں شامل ہیں۔
زخمی افراد کی مجموعی تعداد میں 3,779 مرد، 864 خواتین، 244 بچے اور 80 بچیاں شامل ہیں، جو شہر میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال کے 158 دنوں کے دوران ہیوی ٹریفک گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں 139 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان حادثات میں مختلف اقسام کی بھاری گاڑیاں شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈمپر حادثات میں 6 افراد، ٹریلر سے 67 افراد، واٹر ٹینکر سے 37 افراد، مزدا گاڑیوں سے 14 جبکہ بسوں کی ٹکر سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
شہریوں اور ماہرین کے مطابق ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونا اور بھاری گاڑیوں کی بے قابو رفتار ان حادثات میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، جس کے باعث شہری شدید تشویش کا شکار ہیں۔

